نئی دہلی،27/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ایک طرف منی پور تشدد معاملے پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ جاری ہے، اور دوسری طرف مرکزی وزارت داخلہ نے وائرل ویڈیو کو لے کر اہم پیش رفت کی ہے۔ خواتین کو برہنہ کر سڑک پر پریڈ کرانے والی وائرل ویڈیو کی جانچ وزارت داخلہ نے سی بی آئی کو سونپ دی ہے۔ ساتھ ہی بتایا جا رہا ہے کہ مرکزی حکومت سپریم کورٹ میں اس سلسلے میں حلف نامہ داخل کرے گی۔ اس میں وہ وائرل ویڈیو معاملے کی سماعت منی پور سے باہر کرانے کی گزارش کرے گی۔
اس درمیان سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ جس موبائل سے وہ وائرل ویڈیو شوٹ کیا گیا تھا، اسے برآمد کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ویڈیو شوٹ کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی حکومت نے کوکی اور میتئی طبقہ کے لوگوں سے بات چیت کی ہے۔ دونوں ہی طبقات کے ساتھ اب تک چھ دور کی بات چیت ہو چکی ہے۔